|

وقتِ اشاعت :   January 1 – 2017

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے گزشتہ روز بی ایل ایف کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں ڈیتھ اسکواڈ کو نیشنل پارٹی کے ساتھ جوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے اس مضحکہ خیز بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کیا اور کہا کہ اہل بلوچستان اور خاص کر کیچ مکران کے باشعور عوام اس حقیقت سے اچھی طرح آگاہی رکھتے ہیں کہ مزکورہ ڈیتھ اسکواڈ کا تعلق کون سی جماعت کے ساتھ ہے اور 2013 کے الیکشن میں انہوں نے کس جماعت اور امیدوار کے حق میں کام کیا تھا،ترجمان نے کہا کہ بی ایل ایف اس طرح کے بے بنیاد الزامات کے ذریعے ذی شعور عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا، ترجمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی ایل ایف کی قیادت سیاسی عمل پر قدغن لگانے اور برادر کْشی کی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے، ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے ساتھ گہری فکری کمٹمنٹ رکھنے والے کہْنہ مشق اور باشعور سیاسی کارکنوں پر مشتمل ایک قومی جمہوری سیاسی جماعت ہے، جو اپنے مقدس قومی کاز کے لیے جہد مسلسل اور قربانیوں کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے اور اپنے سیاسی فیصلے و حکمت عملی اپنے تنظیمی اداروں کے اندر طے کرتی ہے، اس ضمن میں ہمیں کسی کی بھی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہے۔