|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2017

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر148 رنز بنائے جس کے جواب میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ نے ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کیا۔ مصباح الیون کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں ڈیوائن اسمتھ اور سیم بلنگ میدان میں اترے تو 39 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بریڈ ہیڈن 6، کپتان مصباح الحق 10، شین واٹسن 36 اور آصف علی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سیم بلنگ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈئیٹر کی جانب سے محمد نواز نے 2، عمر گل، تھسارا پریرا اور حسن خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر سیم بلنگ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کی جانب سے احمد شہزاد اور اسد شفیق نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا لیکن احمد شہزاد 26 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جب کہ کیون پیٹرسن مسلسل تیسرے میچ میں ناکام دکھائی دیے اور وہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ گزشتہ دونوں میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے والے روسوو بھی 7 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان سرفراز احمد بھی 12 رنز ہی بناسکے تاہم اسد شفیق اور بنگلا دیشی آل راؤنڈر محمداللہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اسد شفیق 45 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ 29 اور تھسارا پریرا 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع اور شین واٹسن نے 2،2 جب کہ رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد کی ٹیم ایک میچ میں کامیاب اور ایک میں ناکام رہی ہے، دفاعی چیمپئن نے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کو 7 وکٹ سے ہرایا جب کہ لاہور قلندرز کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کوئٹہ کی ٹیم نے اپنے دونوں میچز جیت رکھے ہیں، گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف 8 رنز سے فتح پائی جب کہ کراچی کنگز کو 7 وکٹ سے ہرایا۔ واضح رہے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہراتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا۔