|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2017

کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے مردم شماری کے بروقت انعقاد کو وقت کی اولین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مردم شماری کو متنازعہ بنانا اور اس سے گریز کی کوششیں کرنا پشتونوں اور بلوچوں کے مفاد میں نہیں بلکہ اس کا براہ راست فائدہ پنجاب کو پہنچے گا جس نے ہمیشہ اپنی آبادی کو جواز بنا کر سب سے زیادہ وسائل خرچ کئے ہیں ،صوبے کی تمام سیاسی و قبائلی شخصیات کو چاہئے کہ وہ مردم شماری کو متنازعہ بنا نے کی بجائے اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھیں کہ ہمیں ہمارے وسائل پر اختیار کیوں نہیں دیا جاتا،تخت لاہور پشتونوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی فوری طور پر ترک کردے۔دہشت گردی اور انتہا پسندی جہاں جس بھی شکل میں ہو قابل مذمت ہے دہشت گردی اور انتہاپسندی تب تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک داخلہ و خارجہ پالیسی تبدیل نہیں ہوتی ، اچھے برے کی تمیز ختم کرنی ہوگی ، طورخم اور چمن بارڈر بند کرنے سے لوگوں کا روزگار چھن جائے گا اگر واقعی دہشت گردی اور انتہا پسندی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں تو واہگہ بارڈر بند کرلینا چاہئے ، فاٹا کا پشتونخوا میں انضمام قبائلی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس میں رکاوٹیں ڈالنا پشتونوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش ہے۔ ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،صوبائی جنرل سیکرٹری نظام الدین کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے صدر ملک ابراہیم کاسی ،جمال الدین رشتیا،عبدالباری کاکڑ،عصمت اللہ بازئی اور خلیل آغا نے کوئٹہ پریس کلب میں مردم شماری کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس وقت افسوسناک طو رپر ایک بار پھر بعض لوگوں کی جانب سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ مردم شماری کو متنازعہ بنایا جائے حالانکہ مردم شماری نہ صرف آئینی تقاضہ ہے بلکہ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ ہمارے صوبے میں ایک تو مردم شماری بروقت نہیں ہوتی اوپر سے جب کئی سالوں کی تاخیر کے بعد جب عدالت کے احکامات پر مردم شماری ہوتی ہے تو اسے متنازعہ بنالیا جاتا ہے جس کا فائدہ سب سے زیادہ بڑے صوبے کو پہنچتا ہے بڑا صوبہ ہمیشہ اس بنیاد پر زیادہ وسائل لے جاتا ہے کہ میری آبادی زیادہ ہے وہاں باقاعدگی سے مردم شماری ہوتی ہے اور ہمارے ہاں مردم شماری ہوتی ہی نہیں اس لئے ضروری ہے کہ مردم شماری کو اس کے طے شدہ شیڈول کے مطابق تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی موجودگی ، آئی ڈی پیز کے معاملے اور امن وامان کی خرابی سے دوچار اضلاع کے حوالے سے جن جن جماعتوں کے تحفظات ہیں وہ دور کئے جائیں اور مردم شماری کا بروقت انعقاد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے فاٹا کے خیبرپشتونخوا کے ساتھ انضمام کے فیصلے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پشتونخوا میں ضم ہونا قبائلی عوام کی دیرینہ خواہش ہے اب جبکہ تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہوگئی ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے باقاعدہ سفارشات بھی دے دی ہیں تو چند لوگ اس کی راہ میں حائل ہورہے ہیں وہ کام جو تخت لاہور خود نہیں کرسکتی وہ کام وہ پشتونوں کی قیادت کرنے والوں کے ذریعے کرنے میں لگی ہے یہ ساری باتیں تاریخ کا حصہ بن رہی ہیں اور پشتونوں کی آنے والی نسلیں بھی اس کردار کو کبھی بھول نہیں پائیں گی ۔مقررین نے کہا کہ ہمیں اس بات پر تعجب ہورہا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے ساری زندگی آئین کی تشریح اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی وہ فاٹا کے منتخب اراکین پارلیمنٹ کے ایک ایسے مطالبے کی مخالفت کررہے ہیں جو آئین اور عوامی خواہشات کے عین مطابق ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی صرف بیانات سے ختم نہیں ہوگی تاوقتیکہ داخلہ و خارجہ پالیسی تبدیل نہیں کی جاتی دہشت گردی اور انتہا پسندی کاخاتمہ اگر واقعی کرنا ہے توا س کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ٹھکانوں کو ختم کیا جائے پوری دنیا جانتی ہے کہ ان کے ٹھکانے کہاں ہیں انہوں نے کہا کہ چمن اور تورخم بارڈر کی بندش سے غریب پشتونوں پر روزگار کے پہلے سے محدود دروازے مزید بند ہوجائیں گے اور اس کی آڑ میں تاریخی رشتے ختم ہوجائیں گے جو نہیں ہونے چاہئیں اگر واقعی دہشت گردی اور انتہا پسندی میں بیرونی عناصر ملوث ہیں تو سب سے پہلے واہگہ بارڈر بندہونا چاہئے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے گڈ اور بیڈ کے تصور سے نکلنا ہوگا ۔