|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2017

کراچی:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ درگاہوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں ، حضرت لعل شہباز قلندر سب کے لیے محترم ہیں اور ان کا مزار قابل احترام ہے، دہشت گردی کے معاملے پر سول حکومت اور عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہیں، انہیں علیحدہ نہ سمجھا جائے، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، وقت آگیا ہے کہ ہم سب سیاسی ایجنڈے بالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو جائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی این ایس شفاء میں سہون شریف کے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے متاثرین سے اظہار یکجہتی اور ان کی معاونت کے لیے یہاں آئے ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ درگاہوں اور مزارات پر حملے برداشت نہیں کئے جا سکتے، دہشت گردی کے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، سیاسی اور عسکری قیادت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ ظالموں کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے، ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر جگہ پر بیریئر لگا کر راستے بند نہیں کئے جا سکتے، راستے بند کرنے سے عوام کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوگی، حکومت کی کوشش ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کا عمل بھی جاری رہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک دہشت گردی کے تناظر میں جس صورتحال سے دوچار ہے اس کا تقاضہ ہے کہ تمام قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنی افواج اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ مضبوطی سے کھڑی رہے، زندہ قوموں کو ایسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے وہ سرخرو ہو کر نکلتی ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت صوبہ بھر میں جدید ہسپتالوں کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس پر جلد عملدرآمد کا آغاز کیا جائیگا،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سانحہ سہون شریف کے شہداء کے لواحقین کے لیے 10 دس لاکھ روپے ، شدید زخمیوں کے لیے 5پانچ لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا، قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پی این ایس شفاء میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی اور ان سے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کو سراہا، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر پاکستان نیوی اور ہسپتال کی انتظامیہ کی تعریف کی۔