|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر نیا سیکورٹی پلان تیار کرلیا۔ کالعدم تنظیموں کے ارکان ،سہولت کاروں اور مشتبہ افراد کی نشاندہی کیلئے گھر گھر پروفائلنگ کی جائے گی۔ مساجد، مدارس، سکولوں اور سرکاری عمارتوں میں بغیر رجسٹریشن رہائش پر پابندی عائد کردی گئی۔ کرایہ داروں کی رجسٹریشن بھی لازمی قراردیدی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد پولیس ،ایف سی اور سیکورٹی اداروں نے مشترکہ سیکورٹی پلان تیار کرلیا۔ پہلے مرحلے میں کرایہ داروں کی رجسٹریشن سے متعلق بلوچستان اسمبلی کے کچھ عرصہ قبل پاس کرائے گئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مدارس،سکولوں،مساجد اور سرکاری عمارتوں میں متعلقہ تھانے میں رجسٹریشن کرائے بغیر رہائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے بغیر رہائش پذیر افراد کو گرفتار کیا جائیگا جبکہ ان کے ہاں آنے والے مہمان کی اطلاع بھی متعلقہ تھانے اور علاقے کی سطح پر بنائی جانے والی کمیٹی کو دینا ضروری ہوگی۔ اطلاع دیئے بغیر کوئی مہمان یا رشتہ دار سکول، مدرسے، مسجد یا پھر سرکاری عمارت سے رات کے وقت پکڑا گیا تو اس پر بھی کارروائی ہوگی۔ جبکہ چوکیداروں کی رجسٹریشن اور ٹریننگ بھی لازمی قرار دیدی گئی ہے۔ ایس پی سریاب نصیب اللہ خان کے مطابق چوکیداروں کو تربیت دینے میں پولیس اور ایف سی مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ کرانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی تاجروں اور لوگوں کی مدد سے نواحی علاقوں خاص طور پر سریاب روڈ اور دیگر علاقوں میں اہم مقامات پر مزید کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ایف سی غزہ بند اسکاؤٹس کے میجر ناصر کے مطابق پولیس اور ایف سی نے علاقائی کمیٹیاں بناکر مشتبہ افراد کی نشاندہی کیلئے گھر گھر پروفائلنگ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔پروفائلنگ سے ہمیں یہ پتہ چل سکے گا کہ کونسے علاقے میں کون لوگ رہائش پذیر ہیں۔ ان میں کون مشتبہ ہیں۔ کس کا تعلق کونسی جماعت سے ہے۔ کالعدم تنظیموں کے ارکان، سہولت کاروں، ہمدردوں کی بھی نشاندہی ہوسکے گی۔ میجر ناصر نے مزید بتایا کہ نواحی علاقوں اور محلوں میں امن کمیٹیوں کو فعال بناکر ان کی مدد سے اہم مقامات داخلی و خارجی راستوں پر خفیہ کیمرے لگائے جائیں گے۔