|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2017

خاران:چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیم اور صحت عوام کے بنیادی حقوق ہیں ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ضلع خاران میں ترقیاتی پروگرام اور دیگر محکمہ جاتی امور کے کام کی پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ جان، ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم عزیز احمد جمالی، ڈپٹی کمشنر خاران قادر بخش پرکانی، ایف سی خاران کے کرنل محمد امین دریجو کے علاوہ ضلع خاران کے تمام محکموں کے متعلقہ آفیسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو ضلع خاران میں تمام محکموں کے حکام نے اپنے محکموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اور ضلع خاران میں محکموں کی مجموعی کارکردگی اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے موقع پر موجود تمام محکموں کے سربراہوں کو ضلع خاران میں جاری ترقیاتی منصوبوں جس میں صحت، تعلیم، پانی اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات دیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ نے ضلع خاران میں صحت کے شعبے کی صورتحال سے آگاہ کیا جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے خصوصی ہدایات دیں کہ محکمہ صحت میں جو آسامیاں خالی ہیں ان کے ٹیسٹ اور انٹرویوز متعلقہ اضلاع میں منعقد کئے جائیں۔ علاوہ ازیں ضلع خاران کو مالی سال 2016-17ء میں پانچ کروڑ روپے صحت کی بہتری اور دیگر ضروری طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے پروگرام برائے تدارک ہیپاٹائٹس کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسماعیل میروانی نے پروگرام سے متعلق بتایا کہ ضلع خاران میں ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور اس کے تدارک اور علاج کے لئے انہیں ہرممکن تعاون اور طبی آلات مہیا کردیئے گئے ہیں اور عنقریب ضلع میں اسکریننگ اور علاج معالجہ شروع ہوجائے گا۔