|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2017

کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ یہ وقت نفرتوں کی سیاست کا نہیں بلکہ محبتوں کا پرچار کرنے کا ہے ،پیپلزپارٹی تمام قومیتوں اور مختلف زبانیں بولنے والوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے جو مضبوط پاکستان اور خوشحال بلوچستان کیلئے جدوجہد کررہی ہے ،پیپلزپارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ جب بھی ملک میں جمہوریت کے خلاف کوئی سازش رچائی گئی اس کے خلاف پیپلزپارٹی سڑکوں پر آئی اور صف اول کا کرداراداکیا ،اس جدوجہد میں ملک بھر کے صحافی بھی پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شریک رہے ہیں ،شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو زرداری تک اور مجھ سے لیکر پارٹی کے ایک عام کارکن تک ہم سب میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ،اقتدار میں آکر بلوچستان سمیت ملک بھر کے صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کاسلسلہ تیز کیاجائیگا ،ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر روزی خان کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ،شہزادہ کاکڑ،ملک عبدالحمید ،غلام محی الدین اوردیگر بھی موجود تھے ۔پی ایف یو جے کے کے وفد کی قیادت صدر رانا محمدعظیم کررہے تھے اس موقع پر رانا محمدعظیم ،سینئر صحافی حسن عباس ،واجد اصفہانی ،شہزاد حسین بٹ ،امین اللہ فطرت اور کیو یو جے کے دیگر رہنماؤں کاکہناتھاکہ پی ایف یو جے صحافیوں کی ملک گیر تنظیم ہے کوئٹہ سمیت ملک بھر میں صحافیوں کی فلاح وبہبود اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ایک لمبی تاریخ رکھتی ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دیگرشعبوں کی طرح پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کا شعبہ بھی پسماندگی اور محرومی کاشکارہے جس کے حوالے سے اقدامات اورجدوجہد کی ضرورت ہے ،اپنے خطاب میں سابق صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک کاکہناتھاکہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے ،بلوچستان مہمان نواز صوبہ ہے جس کی روشن روایات ہیں ،پیپلزپارٹی اور صحافیوں کا ایک رشتہ روز اول سے چلا آرہاہے صحافتی تنظیموں کی اہم شخصیات نے پیپلزپارٹی کے ہمراہ جمہوریت کی بحالی کیلئے نہ صرف جدوجہد کی بلکہ کوڑے بھی کھائے اور جیلیں بھی کاٹیں ،ہم پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے بلوچستان ترقی کرے مگر کچھ قوتیں نہیں چاہتی کہ ہمارا ملک ترقی کرے ،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا ملک ہے ہم نے نہ صرف اس سے ہر طرح کے خطرات سے بچاناہے بلکہ اس سے دنیا کی ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں بھی لا کر کھڑا کرناہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو تک پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں ،بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک کے حالات خطرناک سمت میں جارہے تھے مگر یہ آصف زرداری ہی تھے جنہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور ہم نے ملک بچانے اور عوام کی خوشحالی کیلئے قربانیاں دیں ۔