|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ فٹبال بلوچستان کا سب سے پسندیدہ کھیل ہے۔کھلاڑیوں کو ایسے شاندار مواقعوں اور سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف اسپورٹس مین اسپرٹ کے جذبے کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔ بلکہ ہم اپنے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر بھی سامنے لا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز کوئٹہ میں پی پی ایل بلوچستان فٹ بال کپ 2017ء کے فائنل راؤنڈ کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ ٹورنامنٹ حکومت بلوچستان ، پاکستان فٹبال فیڈریشن اور بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے تعاؤن سے منعقد کیا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بلوچستان کے چھ ڈویژنوں میں سے کل 12ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اور ان ٹیموں کے درمیان کل 74میچز کھیلے جائینگے ۔تقریب کے شرکاء اور صوبے بھر کے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں مہارت حاصل کرنے کیلئے اعلیٰ تربیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ نوجوانوں کو کھیل کیلئے معیاری تعلیم وتربیت کے علاوہ صحت ،ماحول اور تفریح کی سہولتیں فراہم کرنا اشد ضروری ہے تاکہ کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا بلوچستا ن کے لوگ فٹ بال میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور کوئٹہ فٹبال کا برصغیر پاک و ہند کی تقسیم سے پہلے بھی بڑا نام تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ہم کھیلوں کے ذریعے کھلاڑیوں کی کردارسازی اور نفسیاتی تربیت بھی کرسکتے ہیں کیونکہ کھیل نوجوانوں میں نہ صرف مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ ان کے اندر برداشت ،بردباری ، ٹیم اسپرٹ، یگانگت اور بھائی چارے جیسی صفات پیدا کرنے میں مددگار بھی ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے پی پی ایل کی جانب سے بلوچستان کے تمام چھ ڈویژنوں میں کھیل کے میدانوں کی حالت بہتر بنانے ، کھلاڑیوں کیلئے پرکشش مراعات اور انعامات کا اہتمام کرنے اور خاص کر صادق شہید ( مالی باغ) اسٹیڈیم میں نئی فلڈ لائٹ لگانے کے اقدام کو لائق تحسین قرار دیا۔