|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء پر تشدد کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ جلد وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے تسلسل کے ساتھ رونما ہونے والے ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے بات کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، اراکین صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، میر غلام دستگیر بادینی اور مفتی گلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال نے وزیراعلیٰ کو پنجاب یونیورسٹی میں ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے ثقافتی پروگرام منعقد کرنے والے طلباء پرتشدد کرنے کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ثقافتی پروگرام میں زیادہ تر تعداد بلوچستان کے طلباء کی تھی، جن پر بلا جواز حملہ کر کے انہیں زخمی کیا گیا اور واقعہ سے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء میں بے چینی پائی جاتی ہے، وزیراعلیٰ نے تشدد کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقیناًاس قسم کے واقعات سے قومی یکجہتی ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، لہذا ان کا تدارک ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے جلد ملاقات کر کے ایسے واقعات کی روک تھام اور پنجاب میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کرنے کے حوالے سے بھی بات کرینگے۔