|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2017

کوئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو علاج کے لئے کراچی جانے کی اجازت دیدی جبکہ ناجائز اثاثہ جات میں عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ کے اسٹاف آفیسر کے خلاف کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں جج عبدالمجید ناصر نے کی۔ سابق صوبائی سیکرٹری بلدیات حافظ عبدالباسط، سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی ، سابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ فیصل جمال اور ٹھیکیدار سہیل مجید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جبکہ خالد لانگو کو ایمبولنس میں عدالت کے احاطہ تک لایا گیا۔ دوران سماعت عدالت خالد لانگو کے وکیل نے اپنے مؤکل کو علاج کی غرض سے کراچی جانے کی اجازت دینے استدعا کی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے خالد لانگو کو کراچی لے جانے کی اجازت دی۔ نیب حکام نے گواہان کو اگلی سماعت پر پیش کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 31 مارچ تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیں احتساب عدالتII میں اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق کیس کی سماعت جج پذیر بلوچ نے کی۔ نیب نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے سابق اسٹاف آفیسر عمران گچکی کو پیش کیا۔ عدالت کے استفسار پر نیب حکام نے بتایا کہ ملزم کو اب تک ریفرنس کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔۔ملزم کی جائیداد سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے۔ ملزم کو جلد ریفرنس کی نقول فراہم فراہم کردی جائیں گی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کے خلاف کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ فرد جرم عائد کی جا سکے۔ کیس کی مزید سماعت 5 اپریل کو ہو گی۔