|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جناب جسٹس ظہیر الدین پر مشتمل بینچ نے ژوب ڈسٹرکٹ میں کونجوں کے غیر قانونی شکار کے حوالے سے انٹر نیشنل ہوبارا فاؤنڈیشن کی جانب سے دائر آئینی درخواست نمبر2016/126کی سماعت کرتے ہوئے چیف کنزرویٹو نارتھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ علاقے کا بذات خود دورہ کرے اور غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے عدالت نے چیف کنزرویٹر کو محکمہ جنگلی حیات کے مقامی آفیسران سے اپنی ڈیوتی سے غفلت برتنے کے حوالے سے جواب طلبی کی بھی ہدایت کی واضح رہے کہ درخواست گذار کی جانب سے عدالت کو بتایاگیا تھا کہ ژوب ڈسٹرکٹ میں غیر قانونی شکاریوں سے مقامی انتظامیہ نے 75کونجیں قبضہ میں لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی استدعا کی ہے عدالت نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ وائلد لائف ایکٹ کے تھرڈ شیڈول کے تحت کونجوں کو شکار سے تحفظ حاصل ہے بدقسمتی سے کونجوں کی ایک بڑی تعداد کو غیر قانونی طور پرشکار کیا جارہا ہے عدالت نے سوال اٹھایا کہ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسران کی علاقے میں تعیناتی کے باوجود شکاری اتنی بڑی تعداد میں ان پرندوں کو کیونکر پکڑ رہے ہیں عدالت نے متعلقہ آفیسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف کنزرویٹر نارتھ کو ہدایت کی کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے قبضہ میں لی گئی کونجوں کو چیف کنزویٹر اپنی نگرانی میں محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کرنے اور ان کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے اس موقع پر عدالت کے علم میں یہ بھی لایاگیا کہ تاحال کئی گروپ/پارٹیاں علاقے میں موجود ہیں اور انہوں نے بغیر اجازت شکار کیلئے اپنے کیمپ بھی قائم کررکھے ہیں عدالت نے چیف کنزویٹر کو ان کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ژوب اور ڈی پی او ژوب کو وائلڈ لائف آفیسران کے ساتھ معاونت کی بھی ہدایت کی۔ درایں اثناء چیف کنزویٹر (نارتھ) نے عدالت میں حالیہ سیزن میں اب تک لگائے گئے درختوں سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ درخت لگانے کا سیزن اپریل کے آخری ہفتے میں اختتام پذیر ہوگا انہوں نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر محکمہ جنگلات دستیاب16لاکھ درختوں میں 9لاکھ درخت لگا چکا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ جاری سیزن کے دوران باقی ماندہ درخت بھی لگادےئے جائیں گے عدالت نے چیف کنزویٹرنارتھ اور ساؤتھ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر نگرانی علاقوں کا دورہ کرکے حالیہ سیزن کے دوران درخت لگانے کے عمل کی نہ صرف نگرانی کریں اور باقی ماندہ 16لاکھ درختوں میں زیادہ سے زیادہ درختوں کے لگانے کو یقینی بنائیں ۔ عدالت نے متعلقہ چیف کنزویٹر کو حالیہ سیزن میں درختوں کے لگائے جانے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت اور عدالت کے حکم پر گذشتہ سال لگائے گئے درختوں سے متعلق اپنی رپورٹ 13 اپریل 2017کو اگلی سماعت پر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔