|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2017

ملتان: پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ وسابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ججز کے دل میں کیا ہے وہ نہیں جانتے لیکن یہ ضرور پتا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا،بی بی شہید بھی یہی کہتی تھیں، پتہ نہیں کیوں ہمارے حق میں اور نواز شریف کے خلاف عدالت کا فیصلہ نہیں آتا،حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو للکار کر کہتا ہوں شرم کرو، افتخار چوہدری سیاسی جج تھے وہ صدر بننا چاہتے تھے۔ الیکشن کل ہو یا آج ہم تیار ہیں،اگلے الیکشن میں مسلم لیگ (ن)سے پوراپنجاب لیں گے،ملتان میں بلاول ہاؤس جلد بنے گا۔مسلم لیگ (ن) ملک میں قبل از وقت الیکشن نہیں چاہتی ۔ پنجاب حکومت ہمیں سیکیورٹی دے یا نہ دیں لیکن ہم نکلیں گے اور پنجاب میں جلسے کریں گے۔ملتان میں علامہ حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ حامد سعید کاظمی کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، اللہ نے حامد کاظمی کے ساتھ انصاف کیا ہے، حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سیاسی جج تھے وہ صدر بننا چاہتے تھے، صدر بننے کے لیے اُس سابق جج نے سب کچھ کیا، جب میں صدر تھا تو ان کی سفارشیں لے کر آنے والوں کو خبردار کرتا تھا کہ ان کی نیت ٹھیک نہیں لیکن وہ نہیں مانتے تھے اور بعد میں اس جج نے سیاسی جماعت بنا کر میری بات ثابت کردی۔آصف زرداری نے کہا کہ انہیں غیب کی باتوں کی خبر نہیں، اس لئے وہ نہیں جانتے کہ پاناما پر ججوں کے دلوں میں کیا ہے، یہ ضرور پتا ہے کہ ہمارے حق میں کوئی فیصلہ نہیں آتا، میاں صاحب کے خلاف کبھی فیصلہ آیا نہیں، یہ بات بینظیر بھٹو بھی کہا کرتی تھیں کہ پتہ نہیں کیوں ہمارے حق میں اور نواز شریف کے خلاف عدالت کا فیصلہ نہیں آتا۔ پنجاب حکومت ہمیں سیکیورٹی دے یا نہ دیں لیکن ہم نکلیں گے اور پنجاب میں جلسے کریں گے۔آئندہ انتخابات کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ ہم ہمیشہ انتخابات کے لیے تیار رہتے ہیں، الیکشن کل ہو یا آج ہم تیار ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نہیں چاہتی کہ ملک میں قبل از وقت الیکشن ہوں، وہ چاہیں گے کہ پہلے سینیٹ میں اکثریت حاصل کرلیں پھر عام انتخابات کرائیں، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی اور ہم ن لیگ سے پورا پنجاب لیں گے کیونکہ پورا پنجاب ہمارا ہے اور یہاں کے عوام بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول فیصلوں میں آزاد ہیں ،وہ پارٹی میں تنظیم نو کررہے ہیں ،انہوں نے آزادکشمیر اور بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم نو کی۔