|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2017

کوئٹہ: چیف سیکرٹر ی بلوچستان شعیب میر نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو ہماری آنیوالی نسلو ں کو اپاہج بنارہا ہے اس کے تدارک کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو ملکر کام کرنا ہوگا ۔حکومت بلوچستان پولیو کیخلا ف تندہی سے کام کررہی ہے اور اس ضمن میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پولیو کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی رونما ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جہاں پر چیف سیکرٹری نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔اس موقع پر کمشنرکوئٹہ امجد علی خان ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ، سیکریٹری صحت رحمت اللہ کاکرایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر سید فیصل احمد اور ڈبلیو ایچ اواور یونیسف کے حکام بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹر ی شعیب میر نے انسداد پولیو مہم میں شریک تمام عملے اور اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم میں شریک تما م ادارے ،رضاکار اور سیکورٹی اہلکاروں کی انتھک محنت کے باعث آج صوبے میں پولیو کیخلاف ایک موثرمہم جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کیخلاف مہم میں کام کرنے والے فرنٹ لائن رضاکاروں بلخصوص معاشر ے کے مختلف طبقات کی شرکت نے پولیو کیخلاف جاری جنگ میں ہمارے حوصلوں کو مزید تقویت دی ہے اس ضمن میں علماء اور بلدیاتی نمائندوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔چیف سیکرٹر ی نے پولیو مہم کے حوالے سے متعلقہ تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں بھر پور طور پر اپنے فرائض انجام دیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔