|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2017

کوئٹہ : وزیراعظم پاکستان نے پنجاب کے 91سیاسی حلقوں کو سوئی گیس فراہم کرنے کیلئے 27ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جبکہ پورے وسطی بلوچستان اور خصوصاً خضدار ریجن کیلئے وزیراعظم نے اپنے صوابدیدی فنڈ سے رقم فراہم نہیں کی سوائے ایک دو حلقوں کے تمام حلقے مسلم لیگ ن کے ہیں جبکہ بلوچستان اور کے پی کے سے ایک آدھ معروف سیاستدانوں کو بھی ان میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وسطی پنجاب کے گاؤں گاؤں میں سوئی گیس دھائیوں پہنچائی گئی ہے یہ عمل ابھی تک جاری ہے اور سالانہ بڑی تعداد میں حکمرانوں کے حلقوں کو گیس اور بجلی پہنچائی جارہی ہے جبکہ بلوچستان میں سونے کی کان کو بھی گیس اور بجلی نہیں دی جارہی ہے۔ پچھلے 70سالوں سے چاغی ضلع جہاں پر سونا اور تانبا گزشتہ 16سالوں سے حاصل کیا جارہا ہے اس کو بھی گیس اور بجلی سے محروم رکھا گیا۔ پورے بلوچستان میں 29اضلاع سوئی گیس کی نعمت سے جان بوجھ کر محروم رکھے گئے ہیں ان 91 سیاسی حلقوں میں سوائے میر ظفر اللہ جمالی سابق وزیراعظم پاکستان کا ایک چھوٹا سا حلقہ بھی شامل کیا گیا لیکن دوسری طرف وزیراعظم نے اپنے داماد کیپٹن صفدر کے حلقے کیلئے ایک ارب 20کروڑ اور طلال چوہدری کے حلقے کیلئے ایک ارب 27کروڑ روپے رکھے گئے اس سے قبل گزشتہ محمود خان اچکزئی کے حلقے کو سوئی گیس پہنچانے کے کام کا افتتاح خود وزیراعظم نے کوئٹہ میں کیا تھا۔