|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2017

چیمپیئنز لیگ فٹبال کے میچ کیلئے گراؤنڈ آنے والی جرمنی کی کلب ٹیم بروشیا ڈورٹمنڈ کی بس کے قریب تین دھماکے ہوئے جس سے ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا ہے۔ دھماکوں کے نتیجے میں اسپین سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی مارک بارٹرا زخمی ہوگئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ بس ٹیم میچ کھیلنے کیلئے ہوٹل سے اسٹیڈیم کی جانب روانہ ہوئی تو اسی دوران بس کے قریب تین دھماکے ہوئے جس سے ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ڈورٹمنڈ پولیس نے تصدیق کی کہ ٹیم کی بس کے قریب تین دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کی وجہ سے بس کو بھی نقصان پہنچا ہے اور میچ کو منسوخ کر دیا گیا ہے جو اب بدھ کو کھیلا جائے گا۔ بروشیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو آج موناکو کے خلاف چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کا پہلا لیگ کھیلنا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ موقع پر پہنچ چکی ہے جبکہ فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچنے والی ہے۔ ٹیم کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ ان کی ٹیم کے بقیہ تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔