|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2017

میڈرڈ: اسپینش کلب بارسلونا کو شدید دھچکا لگا ہے اور وہ ال کلاسیکو کے نام سے مشہور روایتی حریف ریال میڈرڈ کے خلاف میچ میں نامور اسٹار نیمار کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔ ہفتے کو ملاگا کے خلاف میچ میں دو یلو کارڈ کے بعد انہیں لالا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا جس کے سبب وہ ایک میچ سے باہر ہو گئے تھے تاہم ان کی سزا میں اس وقت اجافہ کردیا گیا جب انہوں نے گراؤنڈ سے باہر جا کر ڈریسنگ روم کی طرف جانے والی سرنگ سے گزرتے ہوئے چوتھے آفیشل کی جانب دیکھ کر تالی بجا کر ان کا مذاق اڑایا تھا۔ اس واقعے کو میچ ریفری جیزز منزانو نے دیکھ لیا تھا اور اسی وجہ سے ان پر تین میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کے سبب اب وہ بارسلونا کے تین میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے جن میں پہلا 15 اپریل کو ریال سوسائیڈڈ، 23 اپریل کو ریال میڈرڈ اور پھر 26 اپریل کو اوساسونا کے خلاف میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ بارسلونا کیلئے کھیلتے ہوئے پہلا موقع ہے کہ نیمار کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا ہے اور ان کی خدمات سے محروم ہونے سے بارسلونا کو بڑا دھچکا لگا ہے جو لا لیگا میں ریال میڈرڈ سے پہلے ہی تین پوائنٹس پیچھے ہے۔