|

وقتِ اشاعت :   April 24 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم بزنجو خزانہ کے مشیر کے حیثیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ طاقتور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی )محکمہ خزانہ کے معاملات میں ناجائز مداخلت کررہی ہے، صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنماء اور صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو نے بتایا کہ میں نے استعفیٰ وزیراعلیٰ کو پیش کردیااور ان کو بتایا کہ محکمہ خزانہ میں محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے بے جا مداخلت ہو رہی ہے، خالد لانگو کی کرپشن الزامات میں گرفتاری کے بعد اضافی عہدہ اسلم بزنجو کے حوالے کیاگیا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی کو بھی غلط کام کی اجازت نہیں دینگے، سردار بزنجو نے کہا کہ تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد مشیر کا عہدہ مجھے دیا گیا ،حالانکہ میں اس وقت امریکہ میں تھا ، انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ کو آگاہ کردیا تھا کہ میں محکمہ خزانہ معاملات بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی وجہ سے نہیں چلا سکتا، تاہم قیادت کے دباؤ پر عہدہ قبول کیاتھا ، انہوں نے کہا کہ ان کے مالی سال کی بجٹ تیاری جاری ہے، انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں بیوروکریسی مجھے کرپشن کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں تاہم میں واضح کرنا چاہتاہوں کہ نہ تو میں کرپشن کیلئے استعمال ہونگا نہ کسی دوسرے کو کرپشن کرنے کی اجازت دونگا، انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ محکمہ پی اینڈ ڈی میں کیا ہورہا ہے، 2002-03کے بجٹ میں مختص رقم کو بھی محکمے بعض افسران کی ملی بھگت سے نکالا جاچکا ہے، اسلم بزنجو نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں 8ارب روپے کی رقم ریلیز کروائی گئی جو صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی کے حلقے میں خرچ کیاجارہا ہے، جبکہ یہ رقم جاری ترقیاتی سکیمات مکمل کرنے کیلئے مختص تھی اور یہ تمام رقم ان کو اعتماد میں لئے بغیر ریلیز کی گئی ،سردار اسلم بزنجو نے مزید بتایا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی بعض مخصوص معاملات کی وجہ سے محکمہ خزانہ میں مداخلت کررہی ہے، صوبائی وزیر نے مزید بتایاکہ مجھے سیکرٹری خزانہ سے کوئی شکایت نہیں، تاہم محکمے کے بعض افسران محکمہ خزانہ کو مجروح کررہا ہے، انہوں نے بتایا کہ میں وزیراعلیٰ سے فون کر کے تین افسران کے تبادلے کیلئے کہا، لیکن وزیراعلیٰ ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، انہوں نے ان معاملات کی وجہ سے انہوں نے وزیراعلیٰ کو استعفیٰ بھیج دیا،انہوں نے کہا کہ میں اب دوبارہ محکمہ خزانہ کاعہدہ نہیں لونگا ۔