|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2017

واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستان کے نئے سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی نیک خواہشات ان تک پہنچائیں۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران نئے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی صدر کو اپنی سفارتی اسناد بھی پیش کیں۔ اس موقع پر اعزاز چوہدری نے پاک-امریکا تعلقات کی بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام امریکا کے ساتھ 7 دہائیوں پر مشتمل تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔ خیال رہے کہ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کو رواں سال فروری میں امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کیا گیا تھا جبکہ مارچ سے انہوں نے نئے سفیر کا عہدہ سنھالا۔ اعزاز چوہدری دسمبر 2013 سے سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات تھے، اس سے قبل وہ وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ قبل ازیں اعزاز چوہدری نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکے ہیں، وہ ‘پاکستان مررڈ ٹو ڈچ آئیز’ کے نام سے ایک کتاب کے مصنف بھی ہیں۔ اس کے علاوہ اعزاز چوہدری اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ اعزاز چوہدری 27 فروری 1958 کو پیدا ہوئے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بیچلر آف سائنس جبکہ فلیچر اسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی، میڈ فورڈ، میساچیوسٹس سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی امریکا کا دورہ کیا تھا۔