|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہو اجس میں عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر ارکان ، آئینی اور قانونی ماہرین نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے وزیراعظم نوازشریف کو عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عدالت سے متعلق عمران خان کی زبان توہین کے زمرے میں آتی ہے جس پر وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو عمران خان کے الزامات پر ان کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے تیاری کی ہدایت کردی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ججز سے متعلق توہین آمیز رویئے اور الزام تراشی پر توہین عدالت کے لیے رجوع کیا جائے گا اور عمران خان کے خلاف 10 ارب رشوت کے الزام پرہتک عزت کا دعویٰ کیا بھی جائے گا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے کچھ روز قبل ایک تقریب میں دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کے قریبی ساتھی کی جانب سے انہیں پاناما کیس پر خاموش رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی ۔