|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2017

کوئٹہ: ایرانی سرحد سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند سے پانچ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ایف سی کے ترجمان کے مطابق پانچوں افراد فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔ بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکاخیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر تقریباً سے تقریباً120کلومیٹر دور ضلع کیچ کے علاقے مند میں گواک سے ملحقہ علاقے مندیگ ندی سے لیویز کو پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی موت جسم کے مختلف حصوں میں کلاشنکوف کی گولیاں لگنے سے ہوئیں ۔ پانچوں افراد کی لاشیں لیویز نے تحویل میں لیکر مند بازار پہنچائیں جہاں مقامی لوگوں نے ان کی شناخت کیچ کے علاقے دازن تمپ کے رہائشی ماسٹر بیت اللہ ولد محمود اور اس کے بیٹے احمد، کیچ کے علاقے کہنک مند کے رہائشی آصف ولد ماسٹر انور، گومازی تمپ کے رہائشی جاسم ولد رحیم اور مند کے رہائشی نوروز ولد عبدالمجید اقوام بلوچ کے ناموں سے کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تھا جو ایف سی کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔تاہم مقتولین کے لواحقین کا الزام ہے کہ پانچوں افراد گزشتہ کئی ماہ سے لاپتہ تھے۔ ایف سی ترجمان نے واقعہ کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایف سی ا ور حساس ادارے نے مند کے علاقے گواک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور کالعدم تنظیم کے پانچ دہشتگرد مارے گئے۔ مقابلے میں دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے چار کلو بارودی مواد، سب مشین گنز، پستول اور ریموٹ بھی برآمد کئے گئے۔ہلاک افراد مند اور قریبی علاقوں میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔