|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے صدیوں پرانے پٹواری راج کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ریونیو کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے اس پر کئی فیزوں میں عملدرآمد ہوگا اس سلسلے میں چار اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں کوئٹہ، گوادر، جعفرآباد اور پشین شامل ہیں دوسرے اضلاع میں الگ الگ اس پروگرام پر عملدرآمد کرایا جائے اس پروگرام کو لینڈ ریونیو مینجمنٹ سسٹم کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد تمام ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنا ہے یہ پروگرام پورے بلوچستان پر محیط ہوگا یہ نظام GIS پر مشتمل ہوگا جس میں زمینو ں کی خرید وفروخت اور ان کے ریکارڈ کو شفافیت کی بنیاد پر خود کار نظام پر بنانا ہے جس سے عام لوگ اور متعلقہ ادارے استفادہ حاصل کرسکیں گے صوبائی محکمہ مال اس کو بنیاد بنا کر صوبے میں ٹیکسوں کی آمدنی میں اضافہ کرسکتا ہے اس کے علاوہ تمام سرکاری ریکارڈ قابل اعتبار، ہر وقت تازہ ترین معلومات، اس کو محفوظ بنایا جائیگا جس سے ٹیکس دہندگان کی استعداد کا جائزہ لیا جاسکتا ہے سب سے بڑا فائدہ بینک کے نظام کو ہوگا کہ اس کے پاس قابل اعتماد ریکارڈ ہوگا تاکہ وہ نادرا کی مدد سے پراپرٹی کو گروی رکھ کر چھوٹے کاشتکاروں کو قرضے فراہم کرے اس نظام سے یہ پتہ لگایا جاسکے گا کہ زمین کا استعمال اس کی ملکیت سے متعلق تمام معلومات ہونگی اس سے ایک اور فائدہ یہ ہے کہ روایتی عدالتی نظام پر بوجھ کم ہو جائے چند منٹ میں زمین کی ملکیت کا مسئلہ حل ہو جائے۔