|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2017

شمالی لندن میں تین شدت پسند جنونیوں نے نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکلنے والے افراد پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی لندن مین سیون سسٹرز روڈ پر واقع مسجد سے لوگ نماز تراویح پڑھ کر باہر نکل رہے تھے کہ گاڑی میں سوار تین جنونیوں نے ان پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں اب تک ایک شخص کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں جائے وقوعہ سے ایک 48 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب مسلم کونسل برطانیہ نے اسے اسلام دشمنی کا شدت پسندانہ مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی نمازیوں پر چڑھائی، مساجد کے گرد سیکیورٹی مزید سخت کی گئی۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے واقعہ کو انتہائی ہولناک قرار دیتے ہوئے آج ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ لندن پولیس اس حملے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی قرار دے رہی ہے۔