|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2017

کراچی: سائٹ ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں حبیب بینک چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جب کہ جائے وقوعہ سے 13 خول ملے ہیں۔

دوسری جانب ایس پی سائٹ آصف احمد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ افطارکے وقت پیش آیا، پولیس اہلکار افطار کے لیے ہوٹل پر بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جب کہ ملزمان نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت چاروں پولیس اہلکار شہید ہوگئے،وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کراچی سائٹ ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کراچی سائٹ ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے امن اور جرائم کے خاتمہ کیلئے پولیس کے جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائینگی، وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔