|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2017

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کا قوی امکان ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ مکمل حقائق پر مبنی ہے، اب کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے امکانات واضح ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ جے آئی ٹی نے بتادیا ہے کہ حسن اور حسین نواز کی آمدنی میں کس طرح اضافہ ہوا، مریم نواز بھی اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا دفاع نہیں کرسکیں، نواز شریف اور شہباز شریف سے کہیں زیادہ ٹیکس تو میں ادا کرتا ہوں۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف بطور وزیراعظم کسی دوسرے ملک میں ملازمت بھی کرتے رہے ہیں، انہوں نے بڑی منصوبہ بندی سے دھاندلی اور بدعنوانی کی، لیکن جے آئی ٹی رپورٹ میں شریف خاندان کے خلاف تمام حقائق سامنے آچکے ہیں تاہم سپریم کورٹ رپورٹ کو تسلیم کرنے کی پابند نہیں۔