|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2017

کوئٹہ: سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے انسٹی ٹیوٹ میں اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سکندر ریاض، ڈائریکٹر آئی پی ایچ ڈاکٹر سرفراز، فاطمہ جناح چیسٹ جنرل ہسپتال کے شعبہ امراض سینہ کے سربراہ ڈاکٹر شیرین خان، ڈاکٹر تاج رئیسانی ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 

اس موقع پرسیکریٹری صحت نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے اور اس کو مزید وسعت دینا وقت کی عین ضرورت ہے اور اس حوالے سے مرحلہ وار اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں محکمہ صحت کے آپریشنل سطح کے تمام ملاز مین جن ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاسف، نرسز ودیگر ٹیکنیکل اسٹاف کو تربیت دینے کی ضرورت ہے جس میں پہلے مرحلے میں صوبے کے نو اضلاع کے ڈائریکٹر ہیلتھ ہسپتالوں ملازمین کو عصر حاضر سے ہم آہنگ ٹریننگ دی جائے گی جس میں ضلع مستونگ، قلعہ سیف اللہ، قلات، لسبیلہ، نصیرآباد، جعفرآباد وخضدار شامل ہیں اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سکندر ریاض نے انسٹی ٹیوٹ کو درپیش مالی، انتظامی، تکنیکی مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر سیکریٹری صحت نے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ایمرجنسی ہیلتھ سروسز سسٹم کے عملدرآمد کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں جس سے محکمہ صحت کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں سیکریٹری صحت کو فاطمہ جناح جنرل چیسٹ ہسپتال میں نئے شعبہ جات کھولنے اور بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز کو کھولنے کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر سیکریٹری صحت نے بتایا کہ اس کو نافذالعمل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔