|

وقتِ اشاعت :   July 21 – 2017

کو ئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد نور مسکانزئی اور جسٹس جناب جسٹس محمدہاشم کاکڑ پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے محکمہ صحت خضدار میں خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کیلئے تقرر ناموں کے اجراء پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اس سلسلے میں ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ کو 24جولائی کو طلب کرلیاہے ۔

یہ حکم ڈویژنل بینچ کے ججز نے خضدار میں محکمہ صحت کی خالی آسامیوں کیلئے ٹیسٹ وانٹروویو دینے والے امیداور ریاض عارف اور دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر دیا ،

درخواست گزار ریاض عارف کے وکیل ساجد ترین ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ سال 2014میں ضلع خضدار میں محکمہ صحت کی گریڈ ایک سے گریڈ 12تک کی 70آسامیوں کیلئے امیدواران سے ٹیسٹ وانٹروویوز لئے گئے لیکن بعدا زاں 3سال تک اس سلسلے میں مکمل خاموشی اختیار کی گئی اب میرے موکل اور دیگر کی شنید میں آیاہے کہ محکمہ صحت خضدار میں خالی آسامیوں پرتعیناتی کیلئے بعض ایسے افراد کو تقرر نامے جاری کئے گئے ہیں ۔

جنہوں نے ٹیسٹ اور انٹروویو میں شرکت ہی نہیں کی اس پر عدالت نے مذکورہ خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کیلئے تقرر ناموں کے اجراء پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ کو طلب کرلیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ امیدواران کی لسٹ اور دیگر دستاویزات عدالت کے سامنے پیش کرے ۔آئینی درخواست کی اگلی سماعت 24جولائی کو ہوگی ۔