|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2017

کوئٹہ: چاغی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چاغی میں ڈی سی کمپلیکس کے قریب نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کرکے 2ایف سی اہلکاروں حوالدار قمر اور نائیک کامران کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیں واقعہ کے بعد فرنٹیر کور بلوچستان اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔مند کے علاقے بلوچ آباد سے تربت سے تعلق رکھنے والے شخص کی لاش برآمد،شناخت شکور ولد منظور سکنہ شاہی تمپ کے نام سے کی گئی ۔

اطلاعات کے مطابق مند کے علاقے بلوچ آباد سے لیویز فورس نے ایک لاش برآمد کی ہے جس کی شناخت شکور ولد منظور ساکن تربت شاہی تمپ سے کی گئی ہے جس کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

اطلاع کے مطابق مقتول کو 21 جولائی کو شاہی تمپ سے اغواء کیا گیا تھا وجہ ذاتی دشمنی بتایا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دالبندین میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکاران کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران کی ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے واقعات میں ملوث عناصرکو نشان عبرت بنادیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے اہلکاران جس طرح اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ کررہے ہیں وہ لائق صدتحسین ہے اور ہشت گرد عناصر چاہے کچھ بھی کرلیں وہ اپنے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتے اور حکومت انہیں ہر صورت ان کے عبرتناک انجام تک پہنچا کر دم لے گی۔

وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاران کے بلند درجات اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔