|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2017

واشک: ریاستوں و سرحدی امور کے وفاقی وزیر جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو قومی ترقی کے دھارے میں لا کر اسے دیگر صوبوں کے مساوی ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت پوری سنجیدگی و تندہی سے ایسے قابل عمل اقدامات کررہی ہے جس سے بلوچستان کے عوام کو درپیش مشکلات و مسائل کا بتدریج خاتمہ ہو رہا ہے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام کے لئے حقیقی معنوں میں بار آور ثابت ہو رہے ہیں ۔

واشک میں پاسپورٹ آفس کے قیام سے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ جانے کی غیر ضروری تکالیف و خراجات سے نجات مل جائے گی بلوچستان کے تمام اضلاع میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے غریب عوام کو پاسپورٹ بنوانے کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کردی گئی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشک میں پاسپورٹ دفتر کے افتتاح، واشک اور شمسی میں پچاس کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے بننے والے دو نئے ڈیمز اور حاجی محمد قاسم ریکی اور حافظ شبیر احمد ریکی کی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن ) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفاقی وزیر نے واشک سٹی کے لئے پانچ سو کے وی الیکٹریکل جنریٹر دیہی یونین کونسلز کے لئے پچیس سو عدد سولر کٹس کی فراہمی کا اعلان کیا۔ 

جنرل قادر بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بلوچستان کی پسماندگی اور ماضی میں روا رکھے جانے والے رویوں کے باعث احساس محرومیوں کا بخوبی اِدراک ہے یہی وجہ ہے کہ صوبے کی بکھری آبادی کو بنیادی سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کی تشکیل کے لئے درکار وسائل کی فراہمی اور ترقی کے ویڑن پر عملدرآمد کے لئے بھر پور تعاون جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشک اور خاران سمیت بلوچستان بھر میں تعلیم صحت توانائی اور عوامی بہبود سے متعلق دیرپا ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے جن کی تکمیل بلوچستان کے عوام کے روشن مستقبل کی ضامن ہے انہوں نیکہا کہ عقلی شعور کے حامل افراد حکومتی اقدامات کے دیرپا ثمرات سے بخوبی طور پر واقف ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام ہماری کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا امتیاز رنگ و نسل عوام کی خدمت کے مشن کو جاری و ساری رکھتے ہوئے پسماندگی کے اندھیروں کا خاتمہ کر کے ترقی و خوشحالی کے پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے اور عوام نے ہم سے جو توقعات وابستہ کی ہیں اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن سعی کریں گے۔