|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2017

کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی طالبات کے مضر صحت کھانا کھانے سے حالت غیر ہونے کی ابتدائی رپورٹ محکمہ صحت میں جمع کروادی ۔

رپورٹ کے مطابق طالبات کی حالت فوڈ پوائزنگ کی وجہ سے خراب ہوئی منگل کو جاری کردہ رپورٹ میں ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹر ایو ب کاکڑ کی جانب سے یہ دعوہ کیا گیا ہے کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی کل 35طالبات بی ایم سی ہسپتال لائی گئیں ہفتے کو ابتدائی طورپر 7طالبات ہسپتال مختلف اوقات آئیں جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیا گیا۔

اور واقع کو روٹین کے مطابق تصور کیا گیا تاہم اتوار کی شب ساڑھے آٹھ بجے اچانک 22طالبات کو بی ایم سی لایا گیا جنہیں الٹی ،ڈائریا اور پیٹ میں انفیکشن کی شکایت تھی جس پر حالت کی سنگینی کو جانتے ہوئے طلباء کو دوائیوں کے ساتھ ساتھ انکا پیٹ بھی واش کیا گیا جبکہ پیر کو مزید تین طالبات کو بی ایم سی لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی ۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بظاہر فوڈ پوائزنگ کی وجہ سے طالبات کی طبیعت خراب ہوئی تاہم طالبات کے خون اور پاخانہ کے نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی وجوہات معلوم ہوسکیں گی ۔