|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مختلف علاقوں میں جاری ہے ۔

اس سلسلے میں سپیشل مجسٹریٹ کیسکوسنٹرل سرکل اوراایکسئن کیسکوسٹی ڈویژن شاہدرئیسانی کی زیرنگرانی لائن سپرنٹنڈنٹ رستم خان، حاجی محمد الطاف پرمشتمل ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف سیٹلائٹ ٹاؤن اورمہردرسب ڈویژن کے علاقوں میں کارروائی کی ۔

اس دوران سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک 4، ملاسلام روڈ ، کلی بادیزئی، مٹھاچوک کے علاقو ں سے 11افرادکو الیکٹریسٹی ایکٹ کے تحت بجلی چوری پر گرفتارکرکے اُنھیں جیل بھیج دیاگیاجن میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایک نیٹ کیفے ، 3کمرشل صارفین اور ایک بورنگ مشین شامل ہیں جو غیرقانونی طورپربجلی حاصل کررہے تھے اُن کے برقی آلات ضبط کرکے تمام 11افرادکو گرفتارکرلئے گئے ۔

اس کے علاوہ کلی بادیزئی میں ساڑھے چارلاکھ روپے کے نادہندہ صارف کو جو ڈائریکٹ بجلی استعمال کررہے تھے اُن کے کنکشن بھی منقطع کرکے اُن کے برقی آلات ضبط کرلئے گئے۔

علاوہ ازیں کیسکوسریاب سب ڈویژن کے ایس ڈی او نعیم بنگلزئی نے اپنے متعلقہ سب ڈویژن میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 27گھریلو اور14کمرشل صارفین کے کنکشنز منقطع کردئیے۔ اس دوران اُن کے برقی آلات بھی اتاردئیے گئے۔

اسی طرح سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکوخضدارسرکل میرمجیب مری کی زیرنگرانی ایگزیکٹوانجینئرز سید آصف شاہ، سید ضیاء اللہ شاہ ہاشمی اورسب ڈویژنل افسران ولائن سٹاف پرمشتمل ٹیموں نے خاران، کردگاپ،قلات، مستونگ، منگچر، سوراب کے علاقوں میں کارروائی کی ۔

جس کے دوران30غیرقانونی ٹرانسفارمرزاُتارکرقبضے میں لئے گئے جبکہ 85افرادجو غیرقانونی طورپربجلی حاصل کررہے تھے اُن کے کنکشنز منقطع کرکے اُنکے خلاف تحریری درخواست متعلقہ علاقوں کے انتظامیہ کوارسال کردئیے گئے ہیں تاکہ اُن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اس کے علاوہ کیسکوکی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں70گھریلو اورکمرشل نادہندگان کے کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے جن کے ذمہ لاکھوں روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔

دریں اثناء سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوخضدارسرکل میرمجیب مری نے سرکل کے تمام متعلقہ افسران اور ملازمین کوسختی سے ہدایت کی کہ وہ نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھیں اوراُن سے کوئی رعایت نہ کی جائے ۔

نیز صارفین بھی بجلی چوروں کی نشاندہی اوربجلی چوری سے اجتناب کرکے کیسکوسے تعاون کریں بصورت دیگر بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاکر اُن کے تمام برقی آلات ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔

علاوہ ازیں بجلی منقطع ہونے یا کسی بھی زحمت پر کیسکواُن کے کسی بھی نقصان کی ذمہ دارنہیں ہوگی،کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی نادہندگان کے خلاف کارروائی کے تحت سپرنٹنڈنگ انجینئرسبی سرکل علی دوست مگسی کی سربراہی میں ایکسئن نصیرآباد عبدالسلام مینگل اورایکسئن سبی ڈویژن کیسکوعزیزاللہ رند کی نگرانی میں کیسکو ٹیموں نے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کی ۔

کارروائی کے دوران سپلنجی کے علاقہ میں 2فیڈروں پرمشتمل 490نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کردی گئی۔ اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی میں بھی 90زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی عدم ادائیگی پر کاٹ دی گئی ۔ نصیرآبادکے علاقہ اوستہ محمد، منجھوشوری، فیض آباد کے علاقوں میں 40دیہاتوں کی بجلی منقطع کرنے کے علاوہ 45زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمروں کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے ۔

اس دوران سینکڑوں گھریلواورکمرشل نادہندہ صارفین کے کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔ واضح رہے کہ بجلی نادہندگان کے خلاف کیسکوکی کارروائیاں صوبہ بھرمیں تیزی سے جاری ہے لہٰذاتمام نادہندگان سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا بقایاجات فوری طورپرجمع کرائیں بصورت دیگراُن کے کنکشنز بلاتاخیرمنقطع کئے جائیں گے۔