|

وقتِ اشاعت :   August 8 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان اور پنجاب کے سینئر وکلاء رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ8 اگست کے وکلاء کے مشن کو ہر صورت پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے کیونکہ شہداء کی وجہ سے پیدا ہونیوالا خلا مدتوں پورا نہیں ہو سکتا۔

عدلیہ بحال کرنے والوں کو نا اہل جبکہ عدلیہ پر قدغن لگانے والے موج مستیاں کر رہے ہیں حکام بالا شہداء کے لواحقین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کو پورا کریں تاکہ ان کی مشکلات آسان ہو اور زخمیوں کو علاج معالجے میں درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو مسلم لیگ(ن) لائرز فورم کے زیر اہتمام سانحہ8 اگست کے شہداء کو پہلی برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے سپریم کورٹ بار پنجاب کے نائب صدر بختیار سیال، ایڈووکیٹ بلوچستان کے نائب صدر وسیم جدون، خیبر پختونخوا کی نائب صدر ثمینہ ، حاجی کبیر کاکڑ، طارق محمود بٹ ایڈووکیٹ، ملک انور نصیر کاسی ایڈووکیٹ، محمد اسلم جمالی ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ8 اگست نے بلوچستان کی سر زمین کو لہو لہان کرنے کے ساتھ ساتھ غمزدہ اور رنجیدہ کر دیا ہے اس سانحہ میں75 کے قریب وکلاء ، صحافی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہمارے پیارے دوست ساتھی ہم سے بچھڑ گئی ۔

آج ہم ان کی یاد میں اکٹھے ہوئے ہیں اور ان شہداء کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں تاکہ شہید وکلاء کے مشن اور وژن کو آگے بڑھایا جا سکے ہم شہداء کے خون پر کسی قسم کی تجارت کی اجازت نہیں دیتے اور ہم حکومت سمیت ارباب اختیار سے یہی مطالبہ کر تے ہیں کہ شہید وکلاء کے لواحقین سے کئے گئے ۔

وعدے جس میں وکلاء کی انشورنس سمیت دیگر مطالبات شامل ہے اس حوالے سے انہیں درپیش مسائل اور مشکلات کو دور کیا جائے اس کے علاوہ سانحہ میں زخمی ہونیوالے وکلاء کے علاج معالجے کو یقینی بنا نے کے لئے تمام دستیاب وسائل فراہم کئے جائے کیونکہ آج بھی زخمی وکلاء علاج معالجے کے لئے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہے ۔

سانحہ8 اگست معمولی نوعیت کا واقعہ نہیں تھا اس سانحہ میں بلوچستان کے بہت سے گھروں کے چراغ گل کر دیئے جس کی وجہ سے ان خاندانوں پر مصیبت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے ہیں اور ان کی زندگی بھی اجیرن بن چکی ہے تقریب میں مختلف قراردادیں پیش کی گئی جنہیں تقریب کے شرکاء نے کثرت رائے سے منظور کیا ۔

مقررین نے کہا ہے کہ وکلاء نے جس طرح آئین اورقانون کی پاسداری کو یقینی بنا نے کے ساتھ ساتھ لو گوں کو انصاف فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کیا وہ سب کے سامنے ہیں اس کے علاوہ عدلیہ کی آزادی ججز کی بحالی اور انصاف کی فراہمی کے لئے جو کام اور جدوجہد کی جس کی بدولت آج عدلیہ آزاد ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہید وکلاء کے مشن کو ہر صورت پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے اس کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے تقریب کے اختتام پر شہداء کی روح کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی جبکہ بعد میں لنگر تقسیم کیا گیا۔