|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر اور ممبر ارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 4ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام اور 3میڈیکل سٹورز مالکان کے عدم پیشی کے بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے جبکہ ادویہ ساز کمپنی میسن نیٹرو پیتھک لیبارٹریز کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کا بھی حکم دے دیاگیا۔

گزشتہ روز عدالت میں میسن نیٹروپیتھک لیبارٹریز کیس میں نامزد کمپنی کے منیجنگ پارٹنر محمد انور کی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کااظہار کیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اس کے ساتھ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاگیا کہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

اس کے علاوہ عدالت نے مائی ہیلتھ فارما کے چیف ایگزیکٹو چوہدری خالد محمود ،ریکٹ بینکرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے شاہ زیب ملک ،میسن نیچر ل اینڈ ہومیو لیبارٹریز کے منیجنگ پارٹنر محمدانور کی عدم پیشی کی بناء پر دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور حکم دیاکہ متعلقہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کرے ۔

عدالت نے آریانہ میڈیکل کلی سپین کچلاک کے ولی خان ،رضوان میڈیکل سٹور کتیر کچلاک کے کلیم اللہ اور زینٹ میڈیسن کیس میں نامزد ملزم سید احسان اللہ کے بھی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے بعدازاں کیسز کو سماعت کیلئے مختلف تاریخ دے دئیے گئے ۔