|

وقتِ اشاعت :   3 دِن پہلے

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم پوری طرح متحد ہے دہشت گرد ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارے اراردے چٹانوں کی طرح مضبوط اورہمالیہ کی طرح بلندہیں ۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنربلوچستان محمدخان اچکزئی،کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض،صوبائی وزراء،اراکین صوبائی اسمبلی،سول وعسکری حکام اورلوگوں کی بڑی تعدادنے تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان جہاں شدت پسند دندانتے پھرتے تھے علیحدگی پسند تنظیمیں زوروں پر تھیں لیکن اب حالات اس سے بالکل مختلف ہیں،گذشتہ دوسالوں سے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فوج ،ایف سی ،پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کی انتھک کوششوں اورقربانیوں سے دہشت گرداورانکے سہولت کار گھبراہٹ کا شکار ہیں نہتے عوام پر حملہ دہشت گردوں کی بزدلی اورپستہ سوچ کی عکاسی کرتاہے شکست انکا مقدربن چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ایک جرأت مند ،باغیرت اورجنگجو قوم ہیں اپنی پاک سرزمین کی سا لمیت اوردفاع کیلئے قربانیاں دینا ہماراشیوہ ہے اورہم آخری حد تک دہشت گردوں کا پیچھاکریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اُنکی حکومت بلوچستان کو ترقی یافتہ اورامن کا گہوارہ بنانے کا عزم کئے ہوئے ہے ہم ایک پرُعزم قوم ہیں اورتمام چیلنجز پر جلد قابوپالیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جشن آزادی کی تقاریب شایان شان طریقے سے منانے اورصوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج نے گرانقدر تعاون کیاجس کیلئے ہم ان کے مشکور ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں آج اس عہد کی تجدید کرنی ہوگی کہ ہم تمام سیاسی اختلافات ،تعصبات اورذاتی مفادات سے باترہوکر اپنی توانائیاں وطن عزیز کی ترقی اورملک وقوم کی فلاح وبہبود کیلئے وقف کریں گے۔اس موقع پر قومی نغمے پیش کئے گئے اورپاک فوج کے چاق وچوبند دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔