|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2017

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر اسپینش سپر کپ کے فائنل میں ریڈ کارڈ دکھانے پر ردعمل کے طور پر ریفری کو دھکا دینے کی پاداش میں پانچ میچوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اتوار کو بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان اسپینش سپر کپ کے فائنل کے پہلے لیگ میں رونالڈو کو ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر بھیج دیا گیا جس کے سبب ان پر ایک میچ کی پابندی یقینی ہو گئی تھی۔

ریفری کی جانب سے ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریفری ریکارڈو ڈی برگوس کو دھکا دیا تھا جس پر اسپینش فٹبال فیڈریشن نے ان پر پانچ میچوں کی پابندی عائد کردی ہے۔

اس پابندی کے بعد رونالڈو اب بدھ کو اسپینش سپر کپ کے فائنل کے دوسرے لیگ سمیت مزید چار میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ فیڈریشن کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کیلئے رونالڈو کے پاس دس دن کا وقت ہے۔

رونالڈو گزشتہ سیزن میں فٹنس مسائل سے دوچار ہوئے تھے اور گرمیوں کی طویل چھٹیاں گزارنے کے بعد بھی اب تک مکمل فٹنس کے حصول کیلئے کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بارسلونا کے خلاف اہم میچ 58ویں منٹ میں میدان میں اتارا گیا تھا۔

انہوں نے ایک شانادر کک کے ذریعے گول داغ کر ریال میڈرڈ کو 2-1 کی برتری دلائی اور جشن مناتے ہوئے اپنی شرٹ اتار بیٹھے جس پر ریفری نے انہیں پہلا پیلا کارڈ دکھایا۔

پرتگالی اسٹار کو پہلا پیلا کارڈ شرٹ اتارنے پر دکھایا گیا تھا— فوٹو: اے ایف پی

دو نٹ بعد وہ دوسرا گول کرنے کی جانب گامزن تھے کہ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی سیمیول امٹیٹی سے ٹکرا کر گر گئے اور پینالٹی کی اپیل کی لیکن ریفری یہ سمجھے کہ وہ جان بوجھ کر گرے ہیں اور انہیں ایک اور پیلا کارڈ دکھا دیا اور یوں قانون کے تحت انہیں ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔

اس موقع پر رونالڈو کو ریفری کے فیصلے پر یقین نہ آیا اور انہوں نے غصے میں آ کر ریفری کو دھکا دیا۔

فیڈریشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریفری کو دھکا دے کر رونالڈو نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 89 کی خلاف ورزی کی جس کے تحت کھلاڑی پر چار سے 12 میچوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

صر یہی نہیں بلکہ اسپینش فٹبال فیڈریشن نے دھکا دینے پر رونالڈو پر ساڑھے تین ہزار ڈالر اور ریال میڈرڈ پر 1650 ڈالر جرمانہ عائد کردیا جبکہ فاؤل پر بھی پرتگالی اسٹار اور ہسپانوی کلب پر جرمانہ کیا گیا ہے۔