|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2017

الریاض: سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ نہ صرف قطری عازمینِ حج کےلیے زمینی راستہ کھولے گا اور خصوصی پروزایں چلائے گا بلکہ قطری عازمین کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خرچ پر حج بھی کروایا جائے گا۔

گزشتہ روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے قطری عازمین حج کے سعودی عرب میں داخلے کےلیے زمینی گزرگاہ کھولنے اور انہیں مناسک حج کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو دوحہ سے خصوصی حج پروازوں کے ذریعے مکہ مکرمہ لانے اور اپنے خرچ پر انہیں حج کرانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری ویب سائٹ ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو سہولیات دینے کے یہ احکامات ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی سفارش پر جاری کیے گئے ہیں۔

اس سے پہلے شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں قطر کے حاکم خاندان کے اہم فرد الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات اور دو طرفہ قومی بھائی چارے کی اہمیت پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں شہزادہ محمد کا کہنا تھا کہ سعودی اور قطری اقوام میں تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں جبکہ الشیخ عبداللہ بن علی نے قطری عازمین حج کےلیے سعودی عرب کی سرحد پر زمینی راستہ کھولنے کی تجویز پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

اب خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت کردی ہے کہ وہ تمام قطری شہری جو فریضہ حج ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن آن لائن رجسٹریشن کرانے سے قاصر ہیں انہیں مناسک حج کی ادائیگی کےلیے سلوی کراسنگ کے زمینی راستے سے سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب شاہ سلمان کی طرف سے سعودی حکام کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ قطری عازمینِ حج کی آمد اور مہمان نوازی کےلیے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے، دمام ہوائی اڈے اور الاحساء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دوحہ کےلیے سعودی ایئر لائن کی خصوصی حج پروازیں شروع کریں تاکہ قطری عازمین حج کو بر وقت سعودی عرب پہنچایا جاسکے۔