|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2017

 

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ ملکی فضائی حدود کی حفاظت میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے اور فضائیہ مسلح افواج کے ساتھ ملکر سی پیک کے لیے ناقابل تسخیر سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

 

پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام ’’پاک چین اقتصادی راہداری‘‘ پر سمپوزیم ہوا جس میں سینیٹرز، حاضر سروس اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس، چیمبر آف کامرس کے اراکین سمیت تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی جب کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری پورے خطے کیلیے گیم چینجر ہے اور سی پیک مشرقی اور مغربی ایشیا کو آپس میں ملانے کا باعث بنے گا جب کہ ملکی فضائی حدود کی حفاظت میں پاک فضائیہ کا اہم کردار ہے اور پاک فضائیہ مسلح افواج کے ساتھ ملکر اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے ناقابل تسخیر سیکیورٹی فراہم کرے گی۔