|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کچلاک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔

صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کو تحفظ دینا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا شامل نہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی اور پاک فوج کا کردار قابل تعریف ہے اور انہوں نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں لیکن صوبائی حکومت اور اس کے ماتحت اداروں کا بھی حق بنتا ہے کہ وہ بلوچستان کی عوام کو تحفظ فراہم کریں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کچلاک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کوئی بھی اسلامی معاشرہ اور قبائلی روایات کسی بھی طرح خواتین و حضرات کو اس طرح قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ۔

ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رہنے والی تمام برادر اقوام کے حقوق برابر ہیں صوبائی حکومت کا فرض ہے کہ وہ بلوچستان میں رہنے والی تمام اقوام کی حفاظت کا تحفظ یقینی بنائیں ۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پر امن بلوچستان کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اس موقع پر کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام کو ستر سالوں سے مذہب پرستی اور قوم پرستی کے نام پر بیوقوف بنایا گیا ۔

اب بلوچستان کی عوام باشعور ہوچکی ہے اور جان چکی ہے کہ بلوچستان کی ترقی کا راز ایماندار قیادت اور تعلیم سے وابستہ ہے انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو بلوچستان کی عوام کے تمام مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔