|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2017

کوئٹہ :  وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں امن وامان برقراررکھنے،عوام کی جان ومان کے تحفظ کو یقینی بنانے اورسماج دشمن اورشرپسندعناصر کے خلاف بھرپورکاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منگل کے روزامن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں صوبائی درالحکومت کوئٹہ اورصوبے کے دیگر علاقوں میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا،متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو اس حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

صوبائی وزیرتعلیم عبدالرحیم زیارتوال،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق ، سینیٹر آغاشاہ زیب درانی،سیکرٹری داخلہ ڈاکٹراکبرحریفال،سیکرٹری ایس اینڈجی اے ڈی قمر مسعود،ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹرمجیب الرحمن،کمشنرکوئٹہ،ڈی جی آئی کوئٹہ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،ڈی آئی جی آپریشنز اورڈپٹی کمشنرکوئٹہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس کو گذشتہ روزکچلاک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا۔اجلاس میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کومزید بہتربنانے کیلئے کئی ایک اہم فیصلے بھی کیے گئے اورمتعلقہ اداروں کوان فیصلوں پر فوری طورپرعملی جامعہ پہنانے کی ہدایت کی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے ہرصورت پوراکیاجائے گا،انہوں نے کہاکہ دہشت گرداورشرپسند عناصر معاشرے کا ناسور ہیں جنہیں کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسراُٹھانہیں رکھی جانی چاہیے،لہٰذاتمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپناکردار ادا کریں ۔ 

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابل تعریف ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا،وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت پولیس اورلیویز کو تربیت اورسہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی اوراُن پر کسی قسم کا دباؤنہیں آنے دیاجائیگا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے دورۂ سوئی اورکچھی کینال کے منصوبے کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کابھی جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دی گئی ۔