|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری سے جمعیت اہل حدیث کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالرشیدحجازی کی قیادت میں جماعت کے عہدیداروں پر مشتمل وفدنے بدھ کے روزیہاں ملاقات کی۔

سینیٹرآغاشاہ زیب درانی بھی اس موقع پر موجودتھے،وفد نے وزیراعلیٰ کو مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے امیر مولاناعلی محمد ابوتراب اوران کے بیٹے کے اغوأ کے واقعہ کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے مغویان کی جلد بحفاظت بازیابی کیلئے حکومتی اقدامات کو تیز کرنے کی درخواست کی۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کے جان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے بالخصوص اغوأ جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مغوی مولاناعلی محمد ابوتراب ایک نہایت مخلص اورنفیس انسان اوراُن کے رفیق ہیں اوروہ ملک میں امن ،تعلیم اوربھائی چارے کے حوالے سے جمعیت اہل حدیث کی کاؤشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے اس واقعہ کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلی بریفنگ لی ہے اورمتعلقہ ادارے مولاناانکے بیٹے اوردیگر مغویان کی بحفاظت بازیابی کیلئے بھرپورکوششیں کررہے ہیں۔وفد کی جانب سے اُن کی گذارشات توجہ اورہمدردی سے سننے اورمغویوں کی بازیابی کیلئے جاری اقدامات پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا۔