|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2017

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں بلکہ نوازشریف اورآصف زرداری کا کمیشن ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی پاکستان کے اداروں کو چلنے نہیں دیا، انھوں نے لوگوں کونشانہ بنانے کیلیے اداروں کو استعمال کیا، ججز کوخریدا اور عدالت پر ڈنڈے چلائے، 1990 کا الیکشن لڑنے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے ایجنسیوں سے پیسے لیے تھے، اصغرخان کیس 22 سے 23 سال پہلے دائرکیا گیا لیکن 20 سال تک سنا نہیں گیا، نیب نے ان کے خلاف 15 سے 20 کیسزپرکچھ نہیں کیا، شریف خاندان کی کمپنیاں نقصان میں جارہی ہیں اوران کے بچے ارب پتی بن گئے ہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی کوشش تھی کہ دباؤ کے ذریعے مانیٹرنگ جج کو ہٹایا جائے کیونکہ نواز شریف کی کوشش تھی مانیٹرنگ جج ہٹ گیا توسارے ادارے تو ان کے اپنے ہیں، ’مجھے کیوں نکالا‘ کی ساری کوشش بھی عدالت پر دباؤ ڈالنے کی مہم تھی، آج عدالت نے نوازشریف کی نظرثانی درخواست مسترد کردی ہے، قوم کی طرف سے وہ سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شریفوں کا وقت ختم ہوگیا ہے، ان کی اصل جگہ اڈیالا جیل ہے، چیرمین نیب کا تقرر سپریم کورٹ کوکرنا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے وارنٹ جاری کرنے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ انہیں پاناما کیس لڑنے کی وجہ سے سزادی جارہی ہے بلیک میل کیا جارہا ہے، یہ الیکشن کمیشن نہیں مافیا کے ہاتھ میں ہتھیارہے، الیکشن کمیشن عدالت نہیں ، انہوں نے اس سے پہلے کسی کو توہین عدالت پر نہیں بلایا، میری کون سے چیز تھی تو الیکشن کمیشن کو نہیں معلوم تھی، کیا وجہ ہے کہ مجھے بار بار الیکشن کمیشن میں گھسیٹ رہے ہیں، ملک میں کرپشن کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، خورشید شاہ، نوازشریف اورشہبازشریف پرکرپشن کے کیسزہیں، حکومت کی کرپشن کی بات کرو تو یہ اداروں کےذریعے انتقامی کارروائیاں کراتے ہیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مریم نوازکی قابلیت ایم اے انگلش ہے لیکن یہاں ایک اینٹ اٹھاؤ توآپ کوایم اے انگلش مل جائے گا، وہ کس حیثیت سےمیڈیا سیل چلاتیں اوربیوروکریسی کو حکم دیتی ہیں، کیا مریم نوازڈپٹی پرائم منسٹرہیں کہ وہ کابینہ کا اجلاس کرتی ہیں، فیصلہ کریں یا یہ جمہوریت ہے یا بادشاہت ہے۔

این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ورلڈ الیون کا میچ نہیں دیکھا، پہلے این اے 120 کا میچ کھیلنے دیں، مسلم لیگ (ن) نے پولیس اورغنڈوں کے ذریعے این اے 120 میں خوف طاری کیا ہوا ہے، این اے 120 میں مسلم لیگ ن کا قائم کردہ خوف اب اٹھ گیا ہے، وہ ہماری ریلی میں شرکت کرنے پرلاہورکے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔