|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2017

گوادر: چین کے قونصلیٹ جنرل کراچی کے ایک وفد نے تربت یونیورسٹی کے گوادرکیمپس کا دورہ کیا۔ وفد میں قونصل کلچر ژوزیجی لی ژیامنگ،مسٹرچن،چائینا اوور سیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (COHPC)پاکستان کے چئیرمین اور سی ای او مسٹر ژنگ باو ژونگ اورڈپٹی جنرل منیجر گوادر فری زون مسٹر پیٹر ہو شامل تھے۔،

ڈپٹی منیجر ایڈمن گوادر فری زون داداللہ یوسف اور پروٹوکول آفیسر نسیم دشتی بھی وفد کے ہمراہ تھے۔تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے رجسٹرار ڈاکٹرحنیف الرحمان کے ہمراہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمدبلوچ،انچارج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شہناز نور، انچارج کمپیوٹر سائنسز حفیظ الرحمان اورانچارج کامرس مجاہد حسین کے علاوہ گوادر کیمپس کے فیکلٹی ممبران سعدیہ نصیر، محمدارشاد ، صغیر احمد،فدا حسین،میربلال خان،عبیدعلی اور شے حق بلوچ علی بھی موجود تھے۔

وفد نے مختلف کلاس روم، کمپیوٹر لیب، لائبریری اور سی پیک سٹڈی سنٹر کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبران اور طالب علموں سے تبادلہ خیال کیا۔تربت یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے بارے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرنے کہا کہ گوادر کیمپس کومستقبل قریب میں یونیورسٹی آف گوادر کا درجہ دیاجائیگاجہاں سائنسز، انجیئرنگ اور سوشل سائنس کے تیس سے زائد مضامین کے علاوہ عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق ماڈرن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات کھولے جائیں گے۔ 

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چانسلرآفس کے تعاون سے تربت یونیورسٹی اور چائینیز یونیورسٹیوں کے درمیان رابطوں کو ببڑھانے اور فیکلٹی سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام شروع کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔وفد نے کہا کہ وہ اس علاقے میں جدید سائنسی علوم کو فروغ دینے کے لئے تربت یونیورسٹی اور مستقبل کے گوادر یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے گوادر کیمپس کے فیکلٹی ممبران اور طلباء کی استعدادکار بڑھانے کے لئے بھی تعاون کرنے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔آخر میں وائس چانسلر نے وفد کے ارکان کو تربت یونیورسٹی کا شیلڈ پیش کیا۔