|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2017

کوئٹہ:  شعبہ امراض قلب سول ہسپتال کے سربراہ کی ڈاکٹر کی ڈگری جعلی نکلی موصوف نے ایف ایس سی پری انجینئرنگ میں کی بعدازاں غیر ملکی یونیورسٹی سے ڈاکٹری کا ڈپلومہ لیکر محکمہ صحت بلوچستان میں ڈاکٹر تعینات ہوگئے ‘۔

ڈگری جعلی ہونے کے انکشاف کے بعد محکمہ صحت بلوچستان نے بھی پروفیسر کے خلاف پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اسلام آباد کو لیٹر ارسال کردیا ‘ جبکہ غیر ملکی یونیورسٹی نے بھی ان کا ڈپلومہ منسوخ کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کے ایک لیٹر SO-VI(HI-1276/2017/487-88جو 11 اگست 2017ء کو سیکرٹری پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اسلام آباد کے نام جاری کیا گیا اس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر مجیب اللہ کی ڈگری اور تعلیمی اسناد جعلی ہیں لیٹر میں ان کے خلاف مزید کارروائی کے حوالے سے لکھا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان کو بھی اس حوالے سے ایک لیٹر ارسال کیا گیا تھا جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر مجیب اللہ نے ایف بی آئی ایس ای سے 1989-90ء میں ایف ایس سی پری انجینئرنگ میں کی ۔

بعدازاں انہوں نے 1997ء میں ایک غیر ملکی یونیورسٹی سے ڈاکٹر کا ڈپلومہ حاصل کر لیا ‘ واضح رہے کہ مذکورہ غیر ملکی یونیورسٹی نے بھی ان کا ڈپلومہ یکم جولائی 1998ء میں منسوخ کردیا تھا ‘ موصوف اس ڈپلومہ کی بنیاد پر محکمہ صحت بلوچستان میں ڈاکٹر تعینات ہوئے اور اس وقت شعبہ امراض قلب سول ہسپتال کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اس انکشاف اور تحقیقات کے بعد محکمہ صحت بلوچستان نے پی ایم ڈی سی اسلام آباد کے سیکرٹری کو ان کی ڈگری اور تعلیمی اسناد کے جعلی ہونے کا لیٹر ارسال کر دیا ہے ۔