|

وقتِ اشاعت :   4 دِن پہلے

پوشفسٹروم: جنوبی افریقا میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چمپئن شپ میں پاکستانی ویٹ لفٹر  نے سونے کے 2 تمغے حاصل کرلیے۔

 جنوبی افریقا کے شہر پوشفسٹروم میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئین شپ میں پاکستان کے پاور لفٹر اطہر بٹ نے 105 کلو گرام کی دو کیٹیگریز میں دو گولڈ میڈل جیت لیے۔ اطہر بٹ نے 150 کلوگرام اور 175 کلوگرام وزن اٹھا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے صرف 2 پاور لفٹر نے کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چمپئن شپ میں شرکت کی اور  نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا، جب کہ بھارت کے 23 کھلاڑیوں نے اس ایونٹ میں شرکت کی ہے۔

پاکستانی پاور لفٹر اطہر بٹ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پاور لفٹنگ کے متعدد ملکی و بین الاقوامی ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے متعدد ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔

اطہر بٹ اس سے قبل 2011 اور 2013 میں بھی برطانیہ اور آسٹریلیا میں ہونے والی کامن ویلتھ چمپئن شپس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز حاصل کرکے وطن کا نام روشن کرچکے ہیں۔