|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی واردات ناکام ہوگئی، فائرنگ کی زد میں آکر ایک ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح کوئٹہ کے تھانہ ایئر پورٹ کی حدود میں مغربی بائی پاس روڈپر کلی شاہ برأت کے قریب گھات لگائے دہشتگردوں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی۔ گاڑی ہزارہ برادری کے افراد کی تھی جو ہزارہ ٹاؤن سے ایئر پورٹ جارہے تھے۔ 

گاڑی کو مختلف اطراف سے آٹھ گولیاں لگیں تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے البتہ ایک گولی وہاں سے گزرنے والے مزدا ٹرک کو لگی جس سے 40سالہ ڈرائیور اللہ نذر ولد عالم گل اسحاق زئی سکنہ کچلاک زخمی ہوگیا۔ 

فائرنگ کے بعد مزدا ٹرک بے قابو ہوکر ایک اور گاڑی سے ٹکرا گئی جبکہ ایک موٹر سائیکل سوار بھی موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوگیا۔ حملہ آور ناکام واردات کے بعدفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ 

زخمی کو بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیاجہاں ڈاکٹر نے سر میں گولی لگنے کے باعث زخمی کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حملہ آور وں نے حسب سابق نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی۔یاد رہے کہ دس ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں ہزارہ برادری کے پانچ افراد ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں لقمہ اجل بنے جبکہ ایک زخمی ہوا۔