|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے آئینی قرارداد کے ذریعے پارلیمنٹ کو ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان اور عید کرنے کیلئے قانون سازی کا اختیار دیدیا۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے مشیراطلاعات سردار رضا بڑیچ نے ایک آئینی قرارداد پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان پارلیمنٹ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ رویت ہلال سے متعلق ایسی قانون سازی کرے کہ جس کا اطلاق بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں پر ہو۔ 

ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہماری دونوں ہر سال عالم اسلام سے الگ ہوتی ہیں جبکہ ملک میں بھی عید اور رمضان کے چاند پر تنازع رہتا ہے اس لئے تنازع کے حل کیلئے پارلیمنٹ اس بارے میں مؤثر قانون سازی کرے۔ 

اجلاس کی صدارت کرنیوالی پینل آف چیئرمین کی رکن شاہدہ رؤف نے قرارداد پر رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت صوبائی اسمبلی رویت ہلال سے متعلق قانون سازی نہیں کرسکتی تاہم اسمبلی وفاق کو قانون سازی سے متعلق اختیار دے سکتی ہے اس لئے بلوچستان اسمبلی نے رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کیلئے آئینی قرارداد کے ذڑیعے اختیار دیدیا ہے۔