|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فٹبالر وین رونی کے ڈرائیونگ کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

جولائی میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے ایورٹن کا حصہ بننے والے 31 سالہ رونی رواں ماہ آغاز میں حراست میں لیا گیا تھا جہاں ان پر حد سے زیادہ الکہل استعمال کر کے ڈرائیونگ کرنے کا الزام تھا۔

پیر کو شمالی انگلینڈ کی عدالت نے انہیں مقررہ حد سے تین زیادہ نشہ کر کے ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں دو سال ڈرائیونگ پر پابندی کی سزا سنائی۔

اس کے ساتھ ایورٹن کے فٹبالر کو 100 گھنٹے مفت کمیونٹی کا کام بھی کرنا پو گا۔

انہیں رواں ماہ یکم ستمبر کو کو پولیس نے روکا تھا جہاں شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعدازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

رونی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں اور عوام سے معافی مانگتا ہوں، میں نے جو کیا وہ بہت غلط تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اہلخانہ، کلب اور منیجر سے بھی معافی مانگ چکا ہوں اور عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول اسکور کرنے کے ریکارڈ کے حامل رونی نے جولائی میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑتے ہوئے ایورٹن کلب کا حصہ بننے کا اعلان کردیا تھا۔

اس اعلان کے بعد اگست میں رونی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر دیا تھا۔