|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

کوئٹہ: جمالی خاندان سے تعلق رکھنے والے راحت فائق جمالی کو بلوچستان کابینہ میں شامل کرلیا گیا۔ انہوں نے وزارت کا حلف اٹھالیا۔ سرکاری حکام کے مطابق راحت فائق جمالی کو محنت و افرادی قوت کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ 

حلف برداری کی تقریب اتوار کی شام کو گورنرہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے راحت فائق جمالی سے وزارت کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری،صوبائی وزراء ،خواتین و مرد ارکان اسمبلی، چیف سیکریٹری بلوچستان، اعلیٰ سرکاری آفیسران موجود تھے۔ 

راحت جمالی نواب ثناء اللہ زہری کی کابینہ کی پہلی خاتون وزیر ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 52سالہ راحت فائق جمالی بلوچستان کی موجودہ صوبائی اسمبلی کی واحد خاتون رکن ہیں جو عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے پی بی 26 جعفرآباد 2 کی عمومی نشست پر کامیاب ہوئی تھیں۔ 

بعد میں انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ راحت فائق جمالی کا تعلق جعفرآباد کے معروف جمالی خاندان سے ہے۔ ان کے شوہر فائق جمالی بھی صوبائی اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔ فائق جمالی کے پاس بھی اسی محکمے کی وزارت تھی جو ان کی اہلیہ کو سونپی گئی ہے۔ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی جان محمد جمالی کی بہن ہیں۔ 

بلوچستان اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق راحت فائق جمالی بلوچستان نے یونیورسٹی سے اردو میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہیں بلوچی،سندھی،سرائیکی ،اردو اور انگریزی زبان پر عبور حاصل ہے۔ اس سے قبل عاصم کرد گیلو کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو بعد میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر منسوخ کردیاگیا۔