|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

نوشکی :  بی این پی کے ضلعی صدر نذیر بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی این پی بلوچستان میں رہنے والی تمام اقوام و مذاہب سے تعلق رکھنے والے بلوچستانیوں کی پارٹی ہے۔ جو ایک قومی اور عوامی قوم پرست پارٹی ہونے کی حیثیت سے بلوچستان میں بسنے والے تمام لوگوں کی ترجمانی کرتی ہے۔ 

بی این پی کے پلیٹ فارم سے بلوچستان کے سائل و وساحل کی دفاع و قومی تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے جد و جہد کرنے والے تمام کارکنوں کی گراں قدر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 

وہ تمام افراد جو بی این پی میں تھے اور آج نہیں ہے انکی بی این پی کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وہ پارٹی کارکن جو دن رات پارٹی پروگرام کو آگے لے جانے کے لیے جد و جہد کر رہے ہیں ان کی قربانیوں اور مخلصی کو سلام پیش کرتے ہیں جو اس مشکل گھڑی میں بھی بی این پی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے قومی تحریک میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

تمام کارکنوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ باہمی احترام کا ماحول پیدا کرتے ہوئے پارٹی سے علحیدگی اختیار کرنے والے ساتھیوں کے خلاف سوشل میڈیا اور اپنے نجی مجالس میں تنقید نہ کریں کیونکہ کسی بھی پارٹی سے مستعفی ہونا یا شمولیت کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے۔ پارٹی سے جانے والے کل کو واپس آسکتے ہیں۔ 

لہذا پارٹی کارکن صبر، برداشت، رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کی فضاء کو پروان چڑھا کر سنجیدہ اور نظریاتی کارکن ہونے کا ثبوت دیں اور ایسی بات نہ کرے جس سے کسی کی دل آزاری ہو کیونکہ ہمارے لیے نوشکی کے تمام قبائل، مذاہب اورسیاسی پارٹیاں قابل صداحترام ہے اور ہم نوشکی کو امن کا گہورا بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔