|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

 راولپنڈی: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج اپنی جسمانی فٹنس کی وجہ سے دنیا میں ممتاز مقام رکھتی ہے.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ ریجمنٹ ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں کی جسمانی مشقوں کے لیے ہونے والی چیمپئن شپ کی فاتح  ٹیموں میں انعامات  تقسیم کئے۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی معیار کو حاصل کرنے پر مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوانوں اور ٹرینئرز کی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اپنی جسمانی فٹنس کی وجہ سے دنیا میں ممتاز مقام رکھتی ہے اور  جسمانی فٹنس پیشہ وارانہ امور کی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انجینیئرز سینٹر رسالپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کوانجینیرنگ کورکے کرنل کمانڈنٹ کے بیج بھی لگائے، تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ آفیسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے انجینئرزکور کی نیشن بلڈنگ، قدرتی آفات اور آپریشنزمیں کردارکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرزکورکا مادر وطن کی ترقی، دفاع کے لیے کردارقابل فخرہے۔