|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

حیدرآباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف  زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لٹیرا تو گھر گیا اب زرداری کو بھی جیل میں ڈالیں گے۔

حیدرآباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں عمران خان نے اپنی توپوں کا رخ سابق صدر آصف  زرداری کی جانب رکھا۔عمران خان نے استفسار کیا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کتنے پیسوں سے آپ کا پیٹ بھرے گا؟ آصف زرداری تمہیں جو کرنا تھا وہ کرچکے، اب تمہارے دن ختم ہوگئے ہیں،اس احتساب کو ہم منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر نیب مضبوط ہوتا تو نواز شریف اور آصف زرداری پکڑے جاتے، میثاق جمہوریت کے نام پر دونوں نے مک مکا کیا ہوا ہے۔

پیسے بنانے کے لیے دونوں نے ادارے تباہ کیے، اس مک مکا کی وجہ سے پاکستان برصغیر میں سب سے پیچھے رہ گیا۔

حیدرآباد کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آصف  زرداری کو سیاست میں آنے سے پہلے سے لوگ جانتے ہیں، وہ بمبینو سنیما کے ٹکٹ بلیک کیا کرتے تھے، آج آصف زرداری ایک لاکھ ایکڑ زمین اور 19 شوگر ملز کے مالک ہیں، ان کے فرانس، لندن میں محلات اور ہوٹلز ہیں، زرداری عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ  کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے،میں نے پاکستان کے کسی علاقے میں اتنا گند نہیں دیکھا جتنا حیدرآباد میں ہے، گزشتہ 21 برسوں میں سندھ کی حالت بہتر نہیں ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے استفسار کیا کہ آپ نے کون سا ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ پارٹی کے سربراہ بن گئے، کیا آپ نے ایک دن بھی کام کیا، ایک دن بھی کمائی کی؟ کیا بلاول نے اپنے والد سے پوچھا کہ یہ پیسے کہاں سے آئے؟

کیا انہوں نے اپنی پھوپی سے پوچھا کہ صرف سندھ میں ہی ہر نوکری کیوں بکتی ہے؟ بلاول سندھ میں کوئی ایک کام بتادیں جوآپ نےکیاہو، ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ہاتھ ہلانے سے کوئی لیڈر نہیں بنتا۔